jcm-logo

تاکِستان کے ٹھیکیداروں کی تمثیل

متی 21 باب 33 سے 39 آیت:

” ایک اور تِمثیل سُنو۔ ایک گھر کا مالِک تھا جِس نے تاکستان لگایا اور اُس کی چاروں طرف اِحاطہ گھیرا اور اُس میں حوض کھودا اور بُرج بنایا اور اُسے باغبانوں کو ٹھیکے پر دے کر پردیس چلا گیا۔ اور جب پھَل کا موسم قرِیب آیا تو اُس نے اپنے نَوکروں کو باغبانوں کے پاس اپنا پھَل لینے کو بھیجا۔ اور باغبانوں نے اُس کے نَوکروں کو پکڑ کر کِسی کو پِیٹا اور کِسی کو قتل کِیا اور کِسی کو سنگسار کِیا۔ پھِر اُس نے اور نَوکروں کو بھیجا جو پہلوں سے زیادہ تھے اور اُنہوں نے اِن کے ساتھ بھی وُہی سُلُوک کِیا۔ آخِر اُس نے اپنے بَیٹے کو اُن کے پاس یہ کہہ کر بھیجا کہ وہ میرے بَیٹے کا تو لِحاظ کریں گے۔ جب باغبانوں نے بَیٹے کو دیکھا تو آپس میں کہا یہی وارِث ہے۔ آؤ اِسے قتل کر کے اِس کی مِیراث پر قبضہ کرلیں۔ اور اُسے پکڑ کر تاکستان سے باہِر نِکالا اور قتل کر دِیا۔ پس جب تاکستان کا مالک آئے گا تو اُن باغبانوں کے ساتھ کیا کرے گا؟”۔

پیارے بہنوں اور بھائیوں یہ تمثیل خُدا کے اُس دُکھ کو ظاہر کرتی ہے کہ دُنیا نے خُدا کے خادموں اور برگزیدوں کے ساتھ ہمیشہ بُرا سلوک کیا۔ اُنہیں رد کیا اور اُن کے وسیلہ سے دُنیا نے کبھی بھی خُدا کے پیغام کو سمجھنے کی کوشش نہیں کی۔ جب آخر میں خُدا نے اپنے بیٹے کو دُنیا کا نجات دہندہ اور مسیحا بنا کر بھیجا تو اُسے اِس دُنیا نے زیادہ دُکھ دیا بلکہ اُسے مصلوب کیا۔ اُس کے ہاتھوں اور پاؤں میں کیل ٹھوکے۔ اُسے کانٹوں کا تاج پہنا کر اُسے ٹھٹھوں میں اُڑایا گیا تو اب بتائیے کہ مالک یعنی خُدا باپ اِس دُنیا کے ساتھ کیا سلوک کرے گا۔ وہ اِسے سزا دے گا۔

وہ لوگ جو اس دُنیا میں خُدا کے پیغام کو سمجھے خُدا اُنہیں اِس دُنیا کا اختیار دے گا اور وہ یسوع مسیح کے ساتھ آخر میں بادشاہی کریں گے۔ اِس تمثیل میں ہم یہ بھی سیکھتے ہیں کہ پہلے خُدا نے بنی اسرائیل کو اپنی بادشاہی کا پیغام سُنایا مگر جب اُنہوں نے یسوع مسیح کو نہ مانا تو یسوع نے اپنی دوسری ساری قوموں میں سے اپنی کلیسیاہ کو تیار کیا اور اب بنی اسرائیل یسوع مسیح کی واپسی پر خُدا کی بادشاہی میں شامل ہو سکیں گے۔ آمین!