jcm-logo

شادی کی ضیافت کی تمثیل

متی 22 باب 1 سے 14 آیات:

” اور یِسُوع پھِر اُن سے تِمثیلوں میں کہنے لگا کہ آسمان کی بادشاہی اُس بادشاہ کی مانِند ہے جِس نے اپنے بَیٹے کی شادِی کی۔ اور اپنے نَوکروں کو بھیجا کے بلائے ہُووَں کو شادِی میں بُلا لائیں مگر اُنہوں نے آنا نہ چاہا۔ پھِر اُس نے اور نَوکروں کو یہ کہہ کر بھیجا کہ بُلائے ہُووَں سے کہو کہ دیکھو میں نے ضِیافت تیّار کرلی ہے۔ میرے بیل اور موٹے موٹے جانور زبح ہوچُکے ہیں اور سب کُچھ تیّار ہے۔ شادِی میں آؤ۔ مگر وہ بے پروائی کر کے چل دِئے۔ کوئی اپنے کھیت کو کوئی اپنی سوداگری کو۔ اور باقِیوں نے اُس کے نَوکروں کو پکڑ کر بے عِزّت کِیا اور مار ڈالا۔ بادشاہ غضبناک ہُؤا اور اُس نے اپنا لشکر بھیج کر اُن خُونِیوں کو ہلاک کر دِیا اور اُن کا شہر جلا دِیا۔ تب اُس نے اپنے نَوکروں سے کہا کہ شادِی کی ضِیافت تو تیّار ہے مگر بُلائے ہُوئے لائِق نہ تھے۔ پَس راستوں کے ناکوں پر جاؤ اور جِتنے تُمہیں ملِیں شادِی میں بُلا لاؤ۔ اور وہ نَوکر باہِر راستوں پر جا کر جو اُنہِیں مِلے کیا بُرے کیا بھلے سب کو جمع کر لائے اور شادِی کی محفل مہمانوں سے بھر گئی۔ اور جب بادشاہ مہمانوں کو دیکھنے کو اَندر آیا تو اُس نے وہاں ایک آدمِی کو دیکھا جو شادِی کے لِباس میں نہ تھا۔ اور اُس نے اُس سے کہا مِیاں تُو شادِی کی پوشاک پہنے بغَیر یہاں کیونکر آگیا؟ لیکِن اُس کا مُنہ بند ہوگیا۔ اِس پر بادشاہ نے خادِموں سے کہا اُس کے ہاتھ پاؤں باندھ کر باہِر اَندھیرے میں ڈال دو۔ وہاں رونا اور دانت پِیسنا ہوگا۔ کِیُونکہ بُلائے ہُوئے بہُت ہیں مگر برگزِیدہ تھوڑے”۔

اِس تمثیل سے خُدا ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ ہم سب جو غیر قوموں میں سے چُنے گئے اور خُدا کی بادشاہی میں داخل ہونے کا حق اور اختیار پاتے ہیں اِس میں ہماری کوئی خاصیت اور صلاحیت نہیں ہے بلکہ یہ سب ہم پر خُدا کا رحم اور ترس ہے کہ اُس نے ہمیں آسمان کی اُس خاص ضیافت جو خُدا کے بیٹے اور اُس کی دلہن یعنی کلیسیا کی شادی کا جشن ہوگا اُس میں ہم شریک ہوسکتے ہیں۔

خُدا کے خاص فضل کی بدولت ہم سب کو یہ موقع ملا ہے کہ ہم سب جو اِس ضیافت اور جشن کے لائق نہ تھے، ہم اُن بلائے ہوؤں سے پہلے اِس میں شامل ہو رہے ہیں کیونکہ اُنہوں نے خُدا کی دعوت کو رد کر دیا ہے اور اِس تمثیل میں جو شخص شادی کے لباس کے بغیر شامل ہوا اُس کو خادموں نے باہر پھینک دیا تھا۔ اِس سے مُراد یہ ہے کہ اگر آج آپ خُدا کی بادشاہی کا حصہ بننا چاہتے ہیں تو آپ کو صاف اور پاک بننا پڑے گا اور ہر غلط کام سے سچی توبہ کر کے یسوع کے لہو سے دھولنا ہوگا۔ تو پھر خُدا آپ کو وہ سفید پوشاک دے گا جس کا کلام میں بار بار ذکر آیا ہے۔ ہم اپنے غلط کاموں کے ساتھ خُدا کی بادشاہت میں شامل نہیں ہو سکتے۔ آمین!