jcm-logo

گناہوں کو قبول کر کے نئی زندگی کی شروعات

گناہوں کو قبول کر کے نئی زندگی کی شروعات - خدا میں نئی زندگی حاصل

آئیے ہم اپنے گناہوں کو قبول کر کے مسیح میں نئی زندگی کا آغاز کریں۔ اِنسان گناہ اور غلطی کا پتلا ہے۔ ہم اپنی روزمرہ کی زندگی میں بہت سی غلطیاں کرتے ہیں۔ جنسی اور دُنیاوی خواہیشات کو پورا کرنے کے لئے گناہ پر گناہ کرتے ہیں۔ ہم یہ بھول جاتے ہیں کہ ہم اپنی زندگی کو کس دلدل میں پھینک رہے ہیں۔ ان سب کا احساس ہمیں تب ہوتا ہے جب ہم اپنا سب کچھ کھو دیتے ہیں۔ غلطیاں جانے انجانے میں ہوتی ہیں لیکن گناہ دماغ کی سوچ اور شیطانی سوچ کا حصہ ہوتا ہے۔ ہر قسم کی چوری گناہ کہلاتی ہے۔ زنا وہ گناہ ہے جس کی معافی کلام مقدس نے بھی نہیں دی۔

ماں باپ کی نافرمانی کرنا بھی گناہ کا حصہ ہے۔ خدا کی جھوٹی قسم کھانا بھی گناہ ہے۔ اِسی طرح بہت سی ایسی باتیں ہیں جن کو کلام مقدس میں گناہ کہا گیا ہے۔ ان سب کے باوجود یسوع المسیح نے ہمیں گناہوں سے بھری زندگی سے نجات کا موقع بپتسمہ کی صورت میں دیا ہے۔ میرے وہ مسیحی بہن بھائی جن کی زندگیوں کو شیطان گناہوں کے دلدل میں لے جاتا ہے جہاں سے بعض اوقات واپس آنا مشکل ہو جاتا ہے، وہ یہ نہ سمجھیں کہ وہاں سے واپس آنے کا کوئی راستہ نہیں ہے کیونکہ خدا کے دروازے ہم سب کے لئے کھُلے ہیں۔ وہ اپنی کھوئی ہوئی بھیڑوں کے لئے آئے ہیں۔

جب ہم خدا کے آگے اپنا ہر گناہ قبول کر لیتے ہیں تو وہ ہمیں ایک نئی زندگی دیتا ہے جو گناہوں سے پاک ہوتی ہے۔ تو آئیے اپنے گناہوں کی معافی حاصل کر کے ایک نئی زندگی کا آغاز کریں۔ ہم یسوع مسیح کے ماننے والے ہیں جنہوں نے ہمارے گناہوں کی خاطر صلیب پر جان دی۔ وہ جہان کے گناہوں کو اُٹھا لے گئے۔ ہمیں شیطان کا مقابلہ کرنا ہے اور جو بہن بھائی گناہ کی راہ میں بھٹک گئے ہیں اُن کو مسیح میں واپس لانا ہے۔ آپ سب خدا کے آگے جھک کر اپنے گناہوں کی معافی مانگیں اور ایک نئی زندگی کا آغاز کریں۔ نہ ڈرنا نہ گھبرانا ہے ہمیں مسیح میں آگے بڑھتے جانا ہے۔ خداوند آپ سب کو برکت دے۔ آمین