jcm-logo

خوشیوں سے بھری زندگی

اُداس مت ہوں کیونکہ خداوند ہمارے ساتھ ہے - خوشیوں سے بھری زندگی - یسوع کا فضل والا ہاتھ

نحمیاہ 8 باب 10 آیت: ” اور تم اُداس مت ہو کیونکہ خداوند کی شادمانی تمہاری پناہ گاہ ہے”۔

مسیحی ہونے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ آپ کو ایک خوشیوں سے بھری زندگی ملتی ہے۔ روحانی خوشی عام خوشی سے بہتر ہے۔ عام خوشی حالات پر انحصار کرتی ہے۔ اچھے حالات آپ کو خوشی دیتے ہیں اور بُرے حالات آپ کو اُداس کرتے ہیں۔ لیکن روحانی خوشی حالات پر انحصار نہیں کرتی، بلکہ اِس کی بنیاد یسوع مسیح کے ساتھ ایک خاص رشتے پر ہوتی ہے۔ یہ تب آتی ہے جب خدا کے ساتھ آپ کا رشتہ مضبوط ہو۔

روحانی طور پر خوش رہنے والے لوگ ہمیشہ اطمینان اور تسلی میں زندگی گزارتے ہیں۔ وہ ہمیشہ خوش رہتے ہیں کیونکہ خدا اُن کا محافظ ہے، یسوع مسیح اُن کا نجات دہندہ ہے، اور اُس شخص کے لئے کچھ بھی ناممکن نہیں ہے جو ایمان رکھتا ہے۔ جن لوگوں میں روحانی طور پر خوشی نہیں ہوتی وہ زندگی میں کبھی بھی اطمینان حاصل نہیں کر پاتے اور اُن کی سوچ کے مطابق کچھ بھی اچھا نہیں ہوتا۔ وہ ہر موقع پر مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔ وہ خدا کی طرف سے حفاظت میں تو ہوتے ہیں لیکن ہمیشہ شکایت کرتے ہیں اور کبھی خوش نہیں رہتے۔ خدا کے ایسے بچے کتنی اُداس زندگی گزارتے ہیں!

روحانی طور پر خوشی والی زندگی گزارنے کا مطلب ہے ایسی زندگی گزارنا جو یسوع مسیح میں ہے۔ اگر آپ نا خوش ہیں تو یہ اِس لئے ہے کہ آپ غلط راستے پر چل رہے ہیں اور آپ یسوع مسیح کو اپنی زندگی میں شامل ہونے نہیں دے رہے کہ وہ آپ کے دل اور زندگی کو بدل دیں۔ کسی نے سہی کہا ہے کہ ” روحانی خوشی ایک ایسا جھنڈا ہے جو دل کے قلعہ پر لہراتا ہے جب جلالی بادشاہ وہاں پر ہوتا ہے”۔

اگر وہ بادشاہ آپ کی زندگی میں ہے؟ اگر وہ واقع میں آپ کی زندگی کی گاڑی کو چلا رہا ہے؟ تو یہ کہنا آسان ہے کہ آپ خُود اِس خوشی کو دیکھ سکتے ہیں۔

میرے دوستو، روحانی خوشی یہ ہے کہ آپ خدا کے بیٹے اور بیٹیوں کے طور پر پیدا ہوئے۔ روحانی خوشی یسوع مسیح کی سچائی کی گواہی دیتی ہے۔ ہم اِس کھوئی ہوئی اور مُردہ دُنیا کے سامنے خوشی کے بادشاہ کے بیٹے اور بیٹیاں ہونے کو ظاہر کرتے ہیں۔

دُعا:

اے خداوند، میں چاہتا ہوں کہ میری زندگی تجھ سے اور تیری روحانی خوشی سے بھر جائے۔ میں آج کے دِن کو چُنتا ہوں کہ میں اپنی تمام مشکلات سے آنکھیں ہٹا لوں اور اُن کو تیرے حوالے کردوں۔ میں اپنی فکریں تجھ پر چھوڑتا ہوں، تو نے آج کا دن بنایا اور تو چاہتا ہے کہ میں اِس میں خوشی مناؤں اور سکون کروں۔ تو مجھ سے محبت کرتا ہے اور تو نے میری زندگی کے لئے بہت خوبصورت منصوبے سجائے ہیں۔ تو مجھ میں کچھ بھی کر سکتا اور مجھ میں سے اپنا جلال اور اپنی قدرت ظاہر کرسکتا ہے۔ میں تیری طرف دیکھتا ہوں۔ میں اپنے آپ کو تیرے حوالے کرتا ہوں اور تو میرے لئے اچھا انتخاب کر اور میری زندگی میں خوشی پیدا کر۔ آمین!

رومیوں 14 باب 17 آیت: ” کیونکہ خداوند کی بادشاہی کھانے پینے پر نہیں بلکہ راستبازی اور میل ملاپ اور اُس خُوشی پر موقوف ہے جو روح القدس کی طرف سے ہوتی ہے”۔