jcm-logo

دعا کی تکمیل

مسیح میں میرے تمام بہنوں اور بھائیوں کو میری طرف سے سلام قبول ہو۔ میرے عزیزوں آج ہم اِس بات پر غور کریں گے کہ بہت سے لوگ دُعا تو کرتے رہتے ہیں لیکن اُن کی دُعاؤں کا جواب نہیں آتا۔ اِس کی کیا وجہ ہے کہ ان کی دعاؤں کی تکمیل نہیں ہوتی؟ آئیں ہم اِس بارے میں بائبل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہیں:

یوُحنا 15 باب 16 آیت: ” تم نے مجھے نہیں چُنا بلکہ میں نے تمہیں چُن لیا اور تم کو مقرر کیا کہ جاکر پھل لاؤ اور تمہارا پھل قائم رہے تاکہ میرے نام سے جو کچھ باپ سے مانگو وہ تم کو دے "۔

اِس آیت کا یہ مطلب ہے کہ اگر آپ کے پھل قائم نہیں رہتے یا اگر آپ پھلدار ڈالی نہیں بنتے اور اگر آپ ایسی ڈالی نہیں بنتے جو پھل لاتی ہے تو آپ کی دُعائیں کبھی پوری نہیں ہونگیں۔ آپ اِس بات پر غور کریں کہ پھل لانے سے کیا مرُاد ہے۔ آپ کیسے ایک پھلدار ڈالی بن سکتے ہیں؟ اِس کے لئے بہت ضروری ہے کہ آپ پاکیزگی میں چلیں کیونکہ خُدا پاک ہے اور وہ اپنے لوگوں کو پاک دیکھنا چاہتا ہے۔ آپ ہر ایک گناہ سے اور ہر ایک بدی سے بچنے کی کوشش کریں۔

لوگوں میں یہ ایک بہت بڑی غلط فہمی ہے، وہ یہ سوچتے ہیں کہ ہم گناہ سے نہیں بچ سکتے۔ یاد رکھیں کہ یسوع مسیح ہمیں گناہوں سے نجات دینے کے لئے آئے تھے۔ خُدا نے صاف صاف کہا ہے:

متّی 1 باب 21 آیت: ” اُس کے بیٹا ہوگا اور تو اُس کا نام یسوع رکھنا کیونکہ وُہ ہی اپنے لوگوں کو اُن کے گناہوں سے نجات دے گا "۔

اب یہاں پر نجات کی بات کی گئی ہے۔ نجات کا مطلب ہے رہائی یعنی آپ مکمل طور پر گناہوں پر غالب آ سکتے ہیں۔ اگر آپ یسوع مسیح پر ایمان رکھیں، پاکیزگی میں چلنا سیکھیں اور پھر خُدا آپ کو کاملیت کی طرف لے کر جائے گا۔ اِس لئے اگر آپ کی دُعائیں قبول نہیں ہو رہیں تو یاد رکھیں کہ آپ کا پھل قائم نہیں ہے۔ خُداوند آپ کو برکت دے۔ آمین!