jcm-logo

یسوع مسیح میں نئی پیدائش

نئے سِرے سے پیدا ہونا دُنیا کے لیے بڑا عجیب سا لَفظ ہے لیکن مسیح یسوع میں آنا اور یہ زندگی نئے سِرے سے شُروع کرنا، خدا کے خاندان کا حصہ بننا یہ بہت بڑی بات ہے اور ہمیں اِس کی ضرورت ہے۔ ایوب نبی کی کتاب میں وہ 14 باب میں یہ کہتے ہیں کہ ” آدمی جو عورت سے پیدا ہوا ہے، دُکھ سے بھرا ہے اور تھوڑے دِنوں کا ہے "۔ سو یہ خدا کا بندہ بہت صَدیوں پہلے یسوع سے یہ بات کر گیا کہ ہم کیسے دُکھ سے نکل سکتے ہیں، عورت سے پیدا ہونا یہ ایک پیدائش ہے، پھر خدا سے پیدا ہونا، یہ دوسری پیدائش ہے خدا کے کلام سے پیدا ہونا یہ پیدائش دوسری ہے اور یہ ضروری ہے کیونکہ خدا کا کلام جو ہے یہ سب کچھ کرتا ہے، پیدا بھی کرتا ہے، ایمان پیدا کرتا ہے، زندہ بھی کرتا ہے، تبدیل بھی کرتا ہے اور معجزے بھی کرتا ہے، طوفانوں کے رُخ موڑتا ہے۔

خدا نے اپنے کلام کو اپنے ہر نام سے زیادہ عظمت بخشی ہے اور وہی کلام یسوع ناصری ہے جو جِسم لے کر ہمارے درمیان آۓ گا۔ تو جَب ہم نئے سِرے سے اپنے گُناہوں کا اِقرار کر کے پیدا ہوتے ہیں اور توبہ کرتے ہیں اور پھر یسوع مسیح کے نام سے پانی کا بپتسمہ لیتے ہیں اور جب ہم پانی میں جاتے ہیں اور ہم بپتسمہ کے وسیلہ سے خادم کے سامنے ہر طرح کے اِقرار کرتے ہیں تو پانی میں جاتے وقت ہمارا سانس ایک دفع کٹتا ہے تو اُس کے ذریعے ہمارے تمام گناہ بھی ہم سے کٹ جاتے ہیں۔ ہم اُس وقت گُناہ سے کٹتے ہیں جَب پانی میں جاتے ہیں تو جب ہم واپس آتے ہیں تو ہم یسوع کے ساتھ دوبارہ زندہ ہو جاتے ہیں۔

پہلے ہم گُناہ میں مرے ہوئے تھے لیکن پھر ہم زندگی میں جی اُٹھتے ہیں اور ہم یسوع کے ساتھ جی اُٹھتے ہیں تو یہ ہے ” نئی پیدائش ” اور جَب ہماری یہ زندگی شروع ہوتی ہے تو ہماری شخصیت اور عادات میں جو چیزیں شریک ہوتی ہیں اُن کے ذریعے ہم یسوع مسیح کے ساتھ ایک نئی زندگی میں شامل ہو جاتے ہیں۔ ہم خدا کے بیٹے بن جاتے ہیں خدا کے خاندان کے رُکن بن جاتے ہیں اور ہمیں نئی پیدائش مل جاتی ہے۔ اور کیونکہ عورت سے پیدا ہونے والا اِنسان کبھی خدا کی باتوں کو نہیں سمجھ سکتا اِس کے لیے کلام ہمیں نئے سِرے سے پیدا کرتا ہے اور پانی کے وسیلہ سے غُسل دے کر خدا کے خاندان کا رُکن اور حصہ بنا دیتا ہے، ہم خدا کے خاندان کے لوگ ہو جاتے ہیں تو پھر خدا ہمیں رُوح القدس دے کر اپنے مُکاشفے اور اپنے بھید ہم پر کھولنے شروع کر دیتا ہے۔ یہ ہے نئی پیدائش کا فائدہ اور نئی پیدائش کی ضرورت اور نئی پیدائش کی خوشی جِس میں اِنسان دوسروں کو بھی دعوت دیتا ہے اور شریک کرتا ہے۔

رفیق مسیح